مصطفی آباد/للیانی (محمد عمران سلفی سے) ہم نے بلدیاتی الیکشن جماعتی سطح پر کروانے کیلئے عدالت میں رٹ پٹیشن دائر کر رکھی ہے۔ مسلم لیگ ن اپنی شکست کو دیکھتے ہوئے بلدیاتی الیکشن غیر جماعتی کروانے پر بضد ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں ن لیگ کے ارکان اسمبلی کی بے جا مداخلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی 11مئی کا ری پلے ہونے دیں گے۔
عوام نواز حکومت کی چار ماہ کی کارگردگی کو مدنظر رکھ کر بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب کریں۔ تحریک انصاف ضلع قصور میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے، لکھوی، قصوری، نکئی، رائو، بابا طفیل، سردار آصف احمد علی ودیگر گروپس کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ن لیگ کا بھر پور مقابلہ کرے گی۔۔ تمام پارٹیوں کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ایک نیک شگون ہے۔ جبکہ تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کو جماعتی سطح پر کروانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے ضلعی صدر ندیم ہارون خاں نے مصطفی آباد میں صحافیوں کو دئیے گئے ایک خصوصی انٹرو یو کے دوران کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا تین اطراف سے قبائلی علاقہ جات سے متصل ہے جس کی وجہ سے یہ صوبہ سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار بھی ہو رہا ہے۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت وہ پہلی حکومت ہے جس نے مذاکرات کی بات کی ہے، صوبائی حکومت نے صوبے میں سیکورٹی کے حوالے سے اب نئی حکمت عملی واضع کرلی ہے اور نئی پالیسی بھی بنا لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے عمل میں نظر نہ آنے والی پیش رفت سے ان لوگوں کو جو مذاکرات کے مخالف ہیں بد امنی کے زریعے دہشت پھیلانے کا بھرپور موقع مل رہا ہے۔
ملک کو درپیش دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے مذاکرات کے سوا کوئی حل نہیں ہے اس لئے حکومت بلا تاخیر اے پی سی کے فیصلوں کے مطابق مذاکرات کے عمل کو تیز کرے۔