کراچی (جیوڈیسک) کراچی گزشتہ تین ماہ کے دوران پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 10 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔ پاکستان کوجی ایس پی پلس مراعات ملنے سے برآمدات کی شرح میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ مالی کے دوران پاکستان نے 3ارب 57 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کیں جوکہ گزشتہ مالی سال کی اس مدت کے مقابلے میں تقریبا 10 فیصد زائد ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستانی روپے کی قدر میں کمی سے پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات عالمی منڈی میں سستی ہونے اور پاکستانی ٹیکسٹائل کی مصنوعات کی مانگ میں اضافے کے باعث برآمدات کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا۔ انکا کہنا ہے کہ پاکستان کو جی ایس پی مراعات ملنے سے پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر کی مصنوعات کی برآمدات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔