کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث سیاسی جماعت کے تین مبینہ ٹارگٹ کلرز کو 6 نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 2 میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گرفتار ملزمان پرویز اقبال، عمر مقصود عالم اور محمد نادر کو پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان کو ماڑی پور کے علاقے سے پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ملزمان کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔ ملزمان کے خلاف سب انسپکٹرز اصغر تارڑ ،محمد عارف، ہیڈ کانسٹیبل سجاد حسین اور اے ایس آئی ملک شمشاد کے قتل کا مقدمہ درج ہے۔ تفتیشی افسر کی استدعا پر عدالت نے قتل کے علیحدہ علیحدہ مقدمات میں تینوں ملزمان کو 6 نومبر تک پولیس ریمانڈ پر دے دیا۔