پی سی بی نے 5 خواتین کھلاڑیوں پر 6 ماہ کی پابندی لگا دی

Women Team

Women Team

لاہور (جیوڈیسک) لاہور پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملتان کرکٹ کلب کی پانچ کھلاڑیوں پر چھ چھ ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے، کھلاڑیوں نے کلب کی انتظامیہ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے تھے جو ثابت نہیں ہو ئے۔ جنسی ہراساں کرنے کے الزامات سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو رکنی کمیٹی تشکیل دی جس میں تین کھلاڑیوں سیما جاوید، حنا غفور اور کرن ارشاد نے اپنے بیانات ریکارڈ کرائے لیکن صبا غفور اور حلیمہ رفیق انکوائر ی سے غیر حاضر رہیں۔

انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے والی کھلاڑیوں نے جنسی طور پر ہراساں کیئے جانے کی تردید کی جس کے بعد کمیٹی نے پانچوں کھلاڑیوں پر کھیل کی شہرت کو خراب کرنے پر چھ چھ ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے، پی سی بی نے ملتان ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کو خط لکھا ہے کہ وہ ملتان کرکٹ کلب کے معاملات پر نظر رکھے تاکہ اسے پی سی بی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کام کرنے کا پابند کیا جا سکے۔