میڈیا قوم کی اصلاح و تعمیر میں بہترین کردار ادا کر سکتا ہے: ڈاکٹر رخسانہ جبیں

لاہور : جماعت اسلامی( حلقہ خواتین) پاکستان کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے کہاہے کہ اسلام حیاء و پاکیزگی کا داعی ہے’اسلامی تعلیمات پر عمل میں ہی ہماری انفرادی ‘خاندانی اور اجتماعی فلاح و بقا ہے’ میڈیا قوم کی اصلاح و تعمیر میں بہترین کردار ادا کر سکتا ہے’بحیثیت مسلمان ہم سب کا یہ فرض ہے کہ معاشرے میں اسلامی تعلیمات اور اقدار کا پرچا ر کیا جائے اور غیر اسلامی وغیر اخلاقی کلچر کے سد باب کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں’اسلامی جمعیت طالبات کی عشرئہ اصلاح ِ ذرائع ابلاغ وقت کی اہم ضرورت ہے ‘وزارت اطلاعات ‘ پیمرااور میڈیا اپنی اپنی قومی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے معاشرے کی بگاڑ کے روک تھام اور اصلاح کیلئے کردار ادا کرے۔اسلامی جمعیت طالبات کی مہم کے حوالے سے اپنے ایک خیرمقدمی بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ذرائع ابلاغ کبھی اس معاشرے کی بہترین عکاسی کرتا تھا’ٹی وی چینلز سے نشر ہونے والے پروگرامات اور ڈرامے تعمیری اور اصلاحی ہوتے تھے اور مشرقی اقدار و اسلامی تعلیمات کا پاس رکھتے تھے ‘مگر بدقسمتی سے نجی میڈیا کے ظہور میں آنے کے بعد اب جو پروگرامات اور ڈرامے قوم کو دکھائے جا رہے ہیں وہ اسلامی معاشرے کی عکاسی تو درکنار ‘ مغربی اور ہندوانہ معاشرے کی ترویج کرتے نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے ہم بحیثیت قوم اخلاقی پستی کا شکار ہوتے جارہے ہیں اور معاشرے میں جنسی جرائم میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔

ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے کہا کہ ان حالات میں اسلامی جمعیت طالبات نے عشرہ اصلاح ذرائع ابلاغ مہم چلا کر قومی فریضہ ادا کیا ہے’ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ حکام اور مقتدر طبقے بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور پاکستانی معاشرے میں اسلامی اقدار و روایات کو فروغ دینے اور غیر اسلامی کلچر کا ابطال کرنے میں اپنا فریضہ ادا کریں۔