نصاب تعلیم کو نظریہ پاکستان کے مطابق جدید خطوط پر استوار کیا جائے : محمد زبیر صفدر
Posted on October 26, 2013 By Tahir Webmaster لاہور
لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا ہے کہ نصاب تعلیم کو نظریہ پاکستان کے مطابق جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ کئی دہائیاں گذرنے کے باوجود نصاب تعلیم کو جدید نہیں بنایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں ذمہ داران جمعیت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے ذریعے قوم کی ذہنی اور جسمانی نشو و نما ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان کا شعبہ تعلیم کوئی متفقہ پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے مسائل میں گھر چکا ہے، نصاب تعلیم کے ادبی اور معاشرتی مضامین سے نظریہ پاکستان کے تصور کو بتدریج حذف کیا جا رہا جبکہ سائنسی اور پیشہ ورانہ مضامین میں کسی قسم کی جدت پیدا نہیں کی جا رہی۔
بنیادی اور اعلیٰ تعلیم میں خاطر خواہ حکومتی اقدامات نہ ہونے کو جواز بنا کر غیر ملکی اور غیر سرکاری تنظیمات کیلئے شعبہ تعلیم میں مداخلت کے راستے کھول دئیے گئے جس سے ملک کے نظریاتی تشخص کو شدید نقصانات درپیش ہیں۔ یوں تعلیمی اداروں کا کلچر معاشرتی اور اخلاقی روایات سے دور ہوتا چلا جارہا ہے۔ محمد زبیر صفدر کا مزید کہنا تھا کہ ملکی ماہرین تعلیم پر انحصار کی بجائے غیر ملکی مشیران تعلیم کے ذریعے تعلیمی اقدامات کو حکومتی تائید حاصل ہے، تعلیم کی نجکار ی اور بورڈ آف گورنر کے قیام اور ذریعہ تعلیم پر متنازعہ اقدامات منظر عام پر آرہے ہیں۔
اسلامی جمعیت طلبہ، نسل نو کے سامنے ان تعلیمی مسائل کوجاگر کرتے ہوئے حکومتی اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ پاکستان کی تعمیر اور ترقی کے لئے تعلیم کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے، غیروں کی جنگ سے پاکستان کو باہر نکال کر عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ جمعیت تعلیمی اداروں میں اس تعمیری اور آگاہی مہم کو چلا کر نہ صرف طلبہ کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرے گی بلکہ ہر یونیورسٹی کے طلبہ او ر طالبات کی طرف سے عملی سفارشات کا خاکہ حکومت کے حوالے کرے گی اس سے ایک جانب طلبہ کی تعمیری سرگرمیاں نظر آئیں گی وہاں دوسری جانب طلبہ سیاست کے رخ کو تبدیل کیا جائے گا۔