کراچی: پولیس و رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن،60 گرفتار،200 ہتھیار بر آمد

Karachi Rangers

Karachi Rangers

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران کالعد م تنظیم، ٹارگٹ کلر اور بھتہ خوروں سمیت 60 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے 200 سے زائد ہتھیار برآمد کر لیے۔ پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرکے 76 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 287 مختلف اقسام کے چھوٹے بڑے ہتھیار برآمد کئے گئے۔ رینجرز اور پولیس نے، لیاری، میمن نگر، مظفر آباد کالونی، سنگولین، ڈیرہ رحمت، ہزارہ چوک، ناظم آباد ، فرنٹیئر کالونی، میٹرول سائٹ اوردیگرعلاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی وخارجی راستے بند کرکے مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔گرفتار ملزمان میں کالعدم تنظیم، بھتہ خور، ٹارگٹ کلرز اور سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈئیر حامد کا کہنا تھاکہ جرائم پیشہ افراد کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ شہرمیں صرف شریف لوگوں کو رہنے دیا جائے گا اور جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ کریں گے۔ ملیر کے علاقے شمسی سوسائٹی میں پولیس نے کاروائی کرکے ایک ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ مبینہ ٹارگٹ کلر فیصل نصیر عرف کچھو د ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہے اوراس کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔