محرم الحرام کے مہینے میں اٹک میں امن و امان کی فضا قائم کرنے کیلئے انتظامات

اٹک: محرم الحرام کے مہینے میں اٹک میں امن و امان کی فضا قائم کرنے میں تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام، سول سوسائٹی اور تاجر برادری انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے تا کہ کسی قسم کی ناخوشگوار صورتِ حال یا واقعہ کا سامنا نہ کرنا پڑے ان خیالات کا اظہار ماڈل پولیس سٹیشن اٹک سٹی میںڈی ایس پی صدر سرکل حفیظ احمد اولکھ نے امام بارگاہوں کے صدور، بانیان ِ جلوس ہائے عزا، اور ماتمی سنگتوں کے سالاروں اور ضلعی و ڈویژنل امن کمیٹی کے ممبران کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر ایس ایچ او ماڈل پولیس اسٹیشن اٹک سٹی انسپکٹراورنگ زیب ،ممبر امن کمیٹی سید خادم حسین شاہ کربلائی اور دیگر موجود تھے ڈی ایس پی نے کہا کہ جلوس منتظمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے روایتی اور لائسنس یافتہ جلوسوں کو وقتِ مقررہ پر معین شدہ راستوں سے گزار کر اختتام پذیر کریں جلوس کے دوران انتظامیہ اور سیکیورٹی ارکان کے ساتھ تعاون کیا جائے کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری طور پر انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کیا جائے۔

جلوس اور مجلس کے دوران لگائی جانے والی سبیلوں کے لیے انتظامیہ خصوصی پاس جاری کرے گی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مجالس اور جلوس سے کچھ فاصلے پر پارکنگ کی جگہ مہیا کی جائے گی جہاں ٹریفک پولیس کے اہلکاران ڈیوٹی انجام دیں گی آخر میں ڈی ایس پی حفیظ احمد اولکھ نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی امن و امان کی صورتِ حال کی بہتری کے لیے انتظامیہ سے تعاون فرمائیں گے۔