پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی پرویز خٹک نے اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن اراکین حکومت کو الزام دینے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، ہم نے چوری کی ہے نہ ہی کرنے دینگے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں شروع ہوا اس موقع پر اپوزیشن اراکین نے فنڈز کی عدم فراہمی اور اپوزیشن و حکومتی اراکین میں تفریق کا معاملہ اٹھایا، عوامی نیشنل پارٹی کے سردارحسین بابک کا کہنا تھا کہ حکومتی اور اپوزیشن اراکین میں فرق کیا جا رہا ہے، غیرجمہوری رویے کے باعث چند ماہ میں ہی حکومتی کشتی میں سوراخ ہو گیا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں تیس سال سے سیاست کر رہا ہوں ایک ایک سیاستدان کو جانتا ہوں کون کتنے پانی میں ہے، اپوزیشن اراکین حکومت پر الزام دھرنے سے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، ان کا حق ان کو ضرور ملے گا لیکن مجھے مجبور نہ کیا جائے کہ ان کے بارے میں زبان کھولوں۔ پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی نگہت اورکزئی نے سپیکر اسمبلی اسد قیصر کی جانبداری پر ان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔