اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے کرپشن ریفرنسز میں سابق صدر آصف علی زرداری اور نیب کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے۔
آصف علی زرداری کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی،فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کی جانب سے وکالت نامہ عدالت میں جمع کرایا۔انہوں نے موقف اختیار کیا کہ آصف زرداری بیرون ملک ہونے کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکے۔
کیس کی تیاری کے لیے مہلت دی جائے۔عدالت کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پرآصف زرداری پیش نہ ہوئے تو دلائل شروع کرنے کے لیے کہہ سکتے ہیں۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب محمد اکبر اور فاروق ایچ نائیک کی باہمی رضا مندی پر سماعت چھبیس نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔