اسلام دین کامل اور مکمل ضابطہ حیات ہے، محمد افضل قادری

گوجرانوالہ گجرات: اسلام دین کامل اور مکمل ضابطہ حیات ہے، اسلام دیگر ادیان کی طرح چند عبادات اور اخلاقیات پر مشتمل نہیں بلکہ معاشرت، معاشیات، اقتصادیات اور سیاسیات کے بارے میں بھی کامل واکمل رہنمائی کرتا ہے، مسلمانوں پر جس طرح نماز روزہ فرض ہے اسی طرح اجتماعی زندگی میں دین مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سیاسی، معاشرتی، معاشی، عدالتی اور اقتصادی نظام عملی طور پر نافذ کرنا بھی فرض ہے، جس کی خلاف ورزی کرنے والے کیلئے قرآن وحدیث میں سخت وعیدیں بیان کی گئی ہیں، نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نفاذ سے نہ صرف ریاست خوشحال اور مضبوط تر ہوجاتی ہے بلکہ مسلمان اللہ تعالیٰ کی شریعت کے مطابق زندگی گزارنے کی برکت سے آخرت کی ابدی سعادات کے حق دار بن جاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار امیر تنظیم اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری نے گوجرانوالہ سنی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شیخ الحدیث علامہ خادم حسین رضوی، مولانا ضیاء للہ قادری، صاحبزادہ محمد ذکاء اللہ رضوی، مفتی غفران محمود سیالوی ،محمد زاہد حبیب قادری، مولانا محمد شفیق قادری، سید سیف اللہ شاہ فاروقی، مولانا محمد منشاء قادری ،سید عبدالغفار شاہ، صاحبزادہ محمدسلمان رضوی، مولانا صاحبزادہ محمد دائود رضوی ،مولانا محمد خالد کیلانی، مولانا محمد رمضان اویسی ،مولانا سید ریاض الحسن شاہ،پیر سرکار جی، آستانہ عالیہ منڈیر سیداں کے سجادہ نشین پیر سید مسعود السید ،ایم پی اے حاجی محمد نواز چوہان ،قاری مدثر حسین مجددی ،حاجی اصغر مہر، حاجی محمد سعید نے بھی خطاب کیا۔ علماء نے کہا کہ قانون ناموس رسالت کو تبدیل کیا گیا تو ملک میں خانہ جنگی شروع ہوجائیگئی، حکومت تبدیلی سے باز رہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ پاکستان بنانے والے علماء و مشائخ نے جو قربانیاں دیں آج ان کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے، آج ہمیں باطل قوتوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا اور مذہبی بہروپیوں سے محتاط رہنا ہوگا، کانفرنس میں ہزاروں لوگوں نے قراردادکے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹی وی چینلز کو فحاشی سے پاک کیا جائے اور عریانی فحاشی کے خاتمہ کیلئے پیمپرا قانونی چارہ جوئی کرے۔