لاہور ؛ اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیر اہتمام میٹرک، انٹر میڈیٹ اور O/A لیول میں A+ گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات کی تقسیم کے حوالے سے تقریب ایوان ِاقبال میں منعقد ہوئی۔ ٹیلنٹ گالا میں لاہور بھر سے 2000 سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔ طلبہ میں مختلف انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی قومی ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جس نے لاہور بھر کے ہونہار طلبہ کو ان کی محنتوں کو کو سراہتے ہوئے انعامات دئیے۔ تعلیم کو قیام پاکستان سے لے کر آج تک مسلسل تجربات کی بھینٹ چڑھایا گیا جس کی وجہ سے ہونہار طلبہ ضائع ہو رہے ہیں۔
درجنوں اقسام کے نظام تعلیم کی وجہ سے قابل فخر طلبہ و طالبات کا مستقبل دائو پر لگ گیا ہے۔بیوروکریسی میں کرپٹ عناصر قابض ہیں۔ڈاکٹر قدیر کا کہنا تھا کہ معروف معیشت دان اور سابق سینٹرپروفیسر خورشید احمد کے دور میں 1953 میں ڈی۔جے سائنس کالج کراچی سے جمعیت سے وابستہ رہا ور یہ میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ بلاشبہ جمعیت ہر دور میں صحتمندانہ تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے مختلف مہمات کا اہتمام کرتی ہے جو کہ ایک احسن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور تعلیمی ترقی کا دور ہے اور وہی قوم اپنا آپ منوانے میں کامیاب ہو سکتی ہے جو بدلتے ہوئے تعلیمی تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔
ڈاکٹر قدیر کا مزید کہنا تھا کہ جمعیت کی ان سرگرمیوں کی وجہ سے ملک اور معاشرے میں دیانتدار اور با صلاحیت افراد کا اضافہ ہو رہا ہے۔ اس موقع پر ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور مدثر احمد شاہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئیے ہم عزم کریں کہ تعلیم کے میدان میں دنیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنے وطن کی آبیاری میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور نے مہمانان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نوجوان مملکت پاکستان کی آخری امید ہیں ، ہم طلبہ کو دعوت دیتے ہیں کہ تعمیر تعلیم سے مہم میں ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہوںاور اس ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔تقریب میںسیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان زبیر حفیظ، پیپلا کے صدر ڈاکٹر زاہد شیخ ، مدیر اردو ڈائجسٹ اختر عباس، معروف کالم نگار اور استاد پروفیسر توفیق بٹ، مرغوب شاکر اظہار،ملک عمران، سعداللہ شاہ، فاروق بھٹی اور حافظ لئیق احمد سمیت دیگر مہمانان نے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے اورشرکاء سے خطاب کیا۔