میرانشاہ (جیوڈیسک) دورہ امریکا کو ابھی ایک ہفتہ ہی مکمل ہوا تھا کہ ڈرون حملے کا نیا تحفہ بھیج دیا۔ ڈرون حملے بند کرنے کے لیے وزیراعظم نواز شریف نے اپیل کی، ننھی نبیلہ نے آنسو بہائے مگر امریکا کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی اور اس نے اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھی۔ شمالی وزیرستان میں ہونے والے ڈرون حملے میں میرانشاہ کے ایک گھر پر امریکی میزائل میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ڈرون حملہ میرانشاہ کے علاقے ظفر ٹاؤن کے ایک گھر پر کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق امریکی ڈرون طیارے سے دو میزائل فائر کئے گئے جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ چوبیس تاریخ کو لندن میں گفتگو میں وزیراعظم نواز شریف نے امید ظاہر کی تھی کہ ڈرون حملوں کا سلسلہ اب رک جائے گا، وہ جو کہتے ہیں کر کے دکھاتے ہیں۔
میرانشاہ میں ہونے والے ڈرون حملے کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ امریکا ڈرون حملوں کی پالیسی پر نظر ثانی کو تیار نہیں اور پاکستانی حکام کے دعوے، دعوں سے بڑھ کر کچھ نہیں۔