لندن (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ سہ فریقی مذاکرات سے پاک افغان تعلقات بہتر بنانے سمیت خطے کے استحکام میں مدد ملے گی۔ سرتاج عزیز کا کہنا ہے ملابرادر کی افغان حکومت سے ملاقات میں سہولت فراہم کریں گے۔
لندن میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات بحال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ حامد کرزئی سے مسلسل رابطے میں ہیں اور جلد کابل کا دورہ کریں گے۔ نوازشریف نے کہا لندن میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات سے پاک افغان تعلقات بہتر بنانے سمیت خطے کے استحکام میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نوازشریف کے مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ ملا برادر طالبان کے ساتھ مذاکرات میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ افغان حکومت کی ملا برادر سے ملاقات میں سہولت فراہم کریں گے۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغانستان اپنی سر زمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے استعمال ہونے سے روکے۔