بیروت (جیوڈیسک) شامی صدر بشارالاسد نے اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے خصوصی ایلچی لخضرالابراہیمی سے کہا ہے کہ امن بات چیت کی کامیابی دہشتگرد گروپوں کی امداد روکنے سے مشروط ہے۔ بحران کے کسی بھی سیاسی حل کی کامیابی دہشت گرد گروپوں کی امداد روکنے اور ان کی پشتی بان ریاستوں پر دباؤ ڈالنے سے جڑی ہوئی ہے۔
لخضرالابراہیمی نے شامی صدر سے ملاقات کی جس میں امن کانفرنس کے انعقاد اور اس میں شامی حکومت کی شرکت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ لخضر الابراہیمی نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ سعودی عرب شامی بحران کے خاتمے کے لئے مجوزہ امن بات چیت میں شرکت کرے گا۔
الابراہیمی نے سعودی عرب کے شام میں امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ممکنہ کردار کا خیر مقدم کیا۔ عالمی ایلچی اپنے مشرق وسطیٰ کے دورے کے اگلے مرحلے میں گزشتہ روز دمشق پہنچے تھے۔ وہ جنیوا میں شام سے متعلق دوسری امن کانفرنس کے انعقاد کے لئے راہ ہموار کرنے کی غرض سے خطے کے ملکوں کے دورے پر ہیں۔ اس سے پہلے وہ مصر، ایران اور عراق کا دورہ کر چکے ہیں۔