محرم الحرام کے دوران اتحاد و وحدت کی فضا قائم کرکے دشمن کو ناکام کیا جا سکتا ہے:اطہر عمران طاہر

لاہور : مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلوچستان کے رہنما ورکن صوبائی اسمبلی بلوچستان سید محمد رضا المعروف آغا رضا نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہرعمران طاہر سے آئی ایس اوپاکستان کے مرکزی دفتر المصطفی ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر کمیل جعفری، لاہور کے سابق ڈویژنل صدر علی فیاض اور ماہنامہ افکار العارف کے ایڈیٹر ارشاد حسین ناصرموجودتھے۔ملاقات کے دوران آئی ایس اوپاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے رکن صوبائی اسمبلی کو مرکزی دفتر آنے پر خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر اطہر عمران نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اتحاد و وحدت کی فضا قائم کرکے دشمن کو ناکام کیا جاسکتا ہے۔ ہمارا دشمن بزدل ہے اور یقینا جب ہم باہم متحد ہونگے تو وہ ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچاسکتا۔ رُکن صوبائی اسمبلی سید محمد رضا نے کہا کہ کیونکہ میرا تعلق کوئٹہ سے ہے اور جہاں تک ممکن ہے ہم بلوچستان اسمبلی میں آواز حق بلندکررہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کل جب میں لاہور آرہا تھا تو اُس وقت بھی کوئٹہ میں ایک دھماکہ ہوا جس میں کچھ لوگ شہید اور زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں ہماراایک دشمن نہیں ہے۔

سید محمد رضا نے مزید کہا کہ ملی اور قومی اُمور میں آئی ایس اوپاکستان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ آئی ایس اوپاکستان کے نوجوانوں نے ہرمیدان میں ملک قوم اور مذہب کی بھرپورخدمت کی ہے۔ میری دعاہے کہ یہ قافلہ اسی طرح رواں دواں ہے۔ آخر میں آئی ایس اوپاکستان کے مرکزی صدر نے سید محمد رضا کی نیک خواہشات پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔