ڈی آئی جی ریلوے سمیت تین افسران کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ملتوی

Pakistan Railways

Pakistan Railways

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں ڈی آئی جی ریلوے سمیت تین افسران کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت سات نومبر تک ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو ریلوے کے وکیل نے بتایا کہ ڈی آئی جی ریلوے سمیت تینوں آفیسر دوسرے شہر میں موجود ہیں جس کے باعث وہ پیش نہیں ہو سکے۔

عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے والوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی نے عدالتی حکم کے باوجود ریلوے کے ملازم سے زبردستی گھر خالی کروا کے اسے گرفتار کروا دیا تھا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت سات نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے ڈی آئی جی ریلوے سمیت تینوں افسران کو دوبارہ طلبی کے نوٹسز جاری کر دئیے۔