خالد سید سجنا کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے نئے امیر مقرر

Khalid Syed Sajna

Khalid Syed Sajna

وزیر ستان (جیوڈیسک) خالد سید سجنا کو متفقہ طور پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا نیا امیر مقرر کر دیا گیا ہے۔نئے امیر کے چناؤ کے لئے 3 نام زیربحث آئے جن میں مولوی فضل اللہ امیر ٹی ٹی پی سوات، عمر خالد خراسانی امیرٹی ٹی پی مہمند ایجنسی، کمانڈرخالد امیرٹی ٹی پی جنوبی وزیرستان کے نام شامل ہیں۔

کالعدم تحریک طالبان کی قیادت کا سہرا جنوبی وزیرستان تنظیم کا سربراہ سجنا کے سر سجا ہے۔اس سے قبل نیک محمد سے لے کر حکیم اللہ محسود تک ٹی ٹی پی کے چار امیر رہے، سب کا تعلق محسود قبیلے سے تھا۔ واضح رہے کہ ڈرون حملے کے بعد امن مذاکرات کی کوششوں کو ایک بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

خون خرابے، افرا تفری اور دھماکوں میں سیکڑوں معصوم جانوں کے ضیاع کے بعد خدا خدا کر کے حکومت اور طالبان مذاکرات کے لئے راہ ہموار ہوئی تھی کہ مذاکرات میں ایک بار پھر اس وقت وسیع خلیج حائل ہو گئی، جب امریکی ڈرون حملے نے امن مذاکرات کی سجنے والی ٹیبل کو ہی الٹا دیا۔حملے میں تحریک طالبان کے سربراہ حکیم اللہ محسود اپنے پانچ دست راست ساتھیوں کے ساتھ جاں بحق ہو گئے۔