سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر اینٹی ڈرون ڈے منایا گیا

گوجرانوالہ: سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر اینٹی ڈرون ڈے منایا گیا۔ جمعة المبارک کے اجتماعات میں انسانیت کے منافی ڈرون حملوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کرائی گئیں اور مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ بعد نماز جمعة المبارک مرکزی جامع مسجد نور میں احتجاجی جلسہ منعقد ہوا جس میں سنی اتحاد کونسل کے رہنمائوں الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی، صاحبزادہ محمد دائود رضوی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی، قاری غلام سرورحیدری، صاحبزدہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد سعید رضوی، حافظ محمد رفیق قادری، مولانا خالد حسن مجددی، قاری محمد اشرف شاکر، حافظ اصف علی اویسی، قاضی محمد یعقوب رضوی، عبدالمجید کیلانی اور دیگر نے خطاب کیا۔ مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا کہ ڈرون حملے مذمت سے نہیں مزاحمت سے بند ہوں گے۔

حکومت ڈرون گانے اور امریکی سپلائی لائن بند کرنے کا حکم دے۔ بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی۔ ڈرون حملوں نے زخمی پاکستان کو لہولہان کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کی صورت میں جاری دہشت گردی کے خلاف پوری دنیا میں بیداری کی لہر پیدا ہورہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکہ ڈرون حملے بند اور بھارت کی پشت پناہی بند کرے۔ امریکہ کے عالم اسلام اور مسلمانوں کے خلاف عزائم سنگین ہیں۔