من پسند حلقہ بندیوں سے شہری سیٹیں کم کی جا رہی ہے: متحدہ

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے سندھ حکومت کی جانب سے حلقہ بندی دوبارہ کرنے کے عمل کو غیر آئینی، غیر قانونی اور کھلی من مانی قرار دے دیا ہے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے تاریخ ختم ہونے کے باوجود سندھ حکومت کی جانب سے اپنی مرضی کے مطابق حلقہ بندی کرانے کی مذمت کی ہے۔

رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں میں شہری علاقوں میں پچاس ہزار اور دیہی علاقوں میں دو ہزار کی نمائندگی دینا سراسر زیادتی ہے۔ سندھ حکومت شہری حکومتوں کو بنیادی اختیار سے محروم کر رہی ہے ۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ عجلت میں اسمبلی سے پاس کرائے گئے بل کے ذریعے صوبے کو دو لسانی اکائیوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔

شہری سیٹیں کم کرنے سے عوام نمائندگی کے حق سے محروم ہو جائیں گے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ سندھ حکومت نے اعتراضات کے لیے حلقہ بندی کی فہرست تک کو آویزاں نہیں کیا۔ رابطہ کمیٹی نے چیف جسٹس افتخار چودھری سے سندھ حکومت کی جانب سے حلقہ بندیوں میں من مانی تبدیلیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔