کوئٹہ : مدرسے میں دھماکے سے دو افراد زخمی، دستی بم ,حساس سامان برآمد

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ مشرقی بائی پاس پر پرانے مدرسے میں دھماکے سے دو افراد زخمی ہو گئے، دو دستی بم، کمپیوٹر اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مشرقی بائی پاس پر واقع ٹاور چوک کے قریب ایک خالی مکان میں جہاں کچھ عرصہ قبل مدرسہ قائم تھا وہاں زور دار دھماکہ ہوا جس پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کئے، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ عمارت کے تین کمرے منہدم ہو گئے جہاں سے پولیس کو دو دستی بم، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر، ٹی وی اور دیگر سامان سمیت دستاویز بھی ملی ہیں۔

بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق ملبے سے تباہ شدہ سائیکل بھی ملی ہے۔دھماکے کی جگہ سے ایلومینم اور بم کو کنٹرول والے ریموٹ بھی ملے ہیں، دھماکے کی جگہ پر دس فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا ہے، پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے، پولیس نے جائے وقوعہ کے قریب سے دو مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

دھماکے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن کے حوالے سے بھی کوئی معلومات منظر عام پر نہیں آ سکیں۔اہل علاقہ کے مطابق اس عمارت میں کچھ عرصہ قبل مدرسہ قائم تھا جہاں دو سو سے زائد بچے تعلیم حاصل کیا کرتے تھے۔