کراچی میں بعض صحافیوں کو ایک لسانی جماعت کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں کی شدید مذمت

مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے کہا ہے کہ کراچی میں بعض صحافیوں کو ایک لسانی جماعت کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ چار نومبر کو آر آئی یو جے کے زیراہتمام نکالی جانے والی ریلی میں بھرپور شرکت کرکے صحافی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافتی برادری کو آزادی کسی نے بھیک میں یا پلیٹ میں رکھ کر نہیں دی بلکہ اس کیلئے ان کی انتھک جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ آج آزاد میڈیا کھل کر صحافت کر رہا ہے۔

اسلام آباد سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں پنجاب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور کارکنان چار نومبر کی ریلی میں بھرپورشرکت کریں گے اور اظہار یکجہتی کریں گے۔ ہم پاکستان میں میڈیا کی خدمات اور قربانیوں کی قدردانی اور اعتراف کرتے ہیں، ہمیشہ مظلوموں کیلئے آواز بلندکی اور کرتے رہیں گے۔ ہماری جہدوجہد ظلم و نا انصافی کے خلاف ہے۔ عادلانہ نظا م ہی اس قوم کے مسائل کا واحد حل ہے ۔ ہر دور میں حق کا ساتھ دیا ہے اور دیتے رہیں گے۔