ہندو برادری و دیگر اقلیتیں بھی پاکستان کی محافظ ہیں، آل پاکستان مسلم لیگ

کراچی : پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں پاکستان کی وفادار مخلص آئین و قوانین کی پاسدار اور پاکستان کی محافظ ہیں۔ مشکل کی ہر گھڑی میں اقلیتوں نے اسی کردار کا مظاہر ہ کیا ہے جو اکثریت کا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اقلیتوں کو احساس محرومی سے نکالنے اور ان کی صلاحیتوں سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کو مہمیز دینے کیلئے پرویز مشرف نے اپنے دور اقتدار میں اقلیتوں کو بھی اکثریت کے مساوی حقوق احترام اور مواقع فراہم کرکے ان میں برسوں سے موجود احساس محرومی کا خاتمہ کیا۔

یہ بات آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو فائنانس سیکریٹری شاہد قریشی انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید وصی الدین و دیگر نے پاکستان ہندو کونسل کی دعوت پرشری سوامی نرائن مندر میں ہندو برادری کے مذہبی تہوار ہولی میں شرکت کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہی۔ اے پی ایم ایل کے عہدیداران نے ہولی کے شرکاء اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آل پاکستا ن مسلم لیگ اور اسکے سربراہ پرویز مشرف اقلیتوں کی پاکستان کیلئے خدمات و کردار کے معترف بھی ہیں اور اکثریت سمیت اقلیت کے مسائل و مصائب سے پوری طرح آگاہ بھی ہیں۔

اسی لئے ہماری سیاسی جدوجہد کا مقصد اکثریت و اقلیت سے وابستہ ہرفرد کو یکساں حقوق و احترام مکمل تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ان کی حب الوطنی کو مزید مستحکم کرنا و فروغ دینا ہے اور انشاء اللہ پرویز مشرف ایکبار پھر اقتدار میں آنے کے بعد ماضی کی طرح پاکستان کو مستحکم عوام کو محفوظ و خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کیلئے اکثریت و اقلیتوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیں گے اورامن و خوشحالی کے ثمرات سے پاکستان کا ہر شہری فیضیاب ہو گا۔