الطاف حسین کا گلوکارہ ریشماں کے انتقال پر اظہار افسوس

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے الطاف حسین نے برصغیر کی معروف گلوکارہ ریشماں کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اِسے قومی نقصان قرار دیا ہے۔ ایک تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ممتاز گلوکارہ ریشماں موسیقی کی دنیا میں منفرد انداز رکھتی تھیں اور ان کی منفرد گائیکی نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت دنیا بھر میں مقبول تھی اور ان کے انتقال سے دنیا بھر میں مقیم ان کے مداحوں کو دلی صدمہ پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلوکارہ ریشماں کے انتقال سے موسیقی کی دنیا ایک عالمگیر شخصیت سے محروم ہو گئی ہے اور ان کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد موسیقی کی دنیا میں پیدا ہونے والا خلاء پرہونا انتہائی مشکل ہے۔

الطاف حسین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ موسیقی کے شعبہ میں گلوکارہ ریشماں کی قومی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں تمغہ حسن کارکردگی سے نواز ا جائے اور مرحومہ کے لواحقین کی بھرپور مالی مدد کی جائے۔