اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد لائحہ عمل کی تیاری پر غور کیا جا رہا ہے، وزیراعظم نوازشریف نے آج وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا۔ وہ سیاسی رہنماوں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ اس کے علاوہ میاں نواز شریف آرمی چیف سے بھی ملیں گے۔
ڈرون حملے کے بعد پاکستان نے امریکا سے تعلقات پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق آج دفتر خارجہ کے حکام وزیراعظم کو موجودہ صورتحال سے متعلق بریفنگ دیں گے جس کے بعد وزیراعظم نوازشریف آج اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران حکومتی اور اپوزیشن رہنماوں سے ملاقات کریں گے۔
نواز شریف حکومتی موقف پر پارلیمنٹ کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ وزیراعظم آرمی چیف سے بھی ملاقات کریں گے۔ نواز شریف اور جنرل اشفاق کیانی کل خیرپور ٹامیوالی میں مسلح افواج کی مشقوں عزم نو چہارم کا معائنہ بھی کریں گے۔