ڈرون حملے پر امریکا نے وعدے کی پاسداری نہیں کی، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی رویہ قیام امن کی سنجیدہ کوششوں کو نقصان پہنچا رہا ہے، اسی وجہ سے دہشت گردی کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔

لاہور سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ واقعی دہشت گردی کا خاتمہ چاہتا ہے تو اسے پاکستان کی حکمت عملی سے تعاون کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈرون حملوں اور عمومی امریکی طرز عمل کےباعث امریکی امداد پر پہلے ہی تحفظات ظاہر کرچکے ہیں۔ یہی وجہ تھی کہ پنجاب کی حد تک امریکی امداد لینے کا سلسلہ ختم کر دیا تھا۔

کچھ عرصہ قبل ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ “’ڈرون حملہ پاکستان کی آزادی اور سالمیت کی توہین ہے۔” اس امریکی عہدیدار کو ان ریمارکس پر قدرے حیرت ہوئی اور پھر کچھ ہی دنوں بعد اس نے ایک ملاقات میں کہا کہ امریکہ‘ حکومت پاکستان کی طرف سے شروع کئے گئے مذاکراتی عمل کے دوران کوئی ڈرون حملہ نہیں کرے گا۔ یہ امر نہایت افسوس ناک ہے کہ اعلیٰ سطح کی اس ضمانت کا پاس بھی نہیں کیا گیا۔