پاکستان تحریک انصاف نے ڈرون حملوں کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی ہے۔ ندیم ہارون خان

مصطفی آباد/للیانی(محمد عمران سلفی سے) پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر ندیم ہارون خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ڈرون حملوں کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔قرارداد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ڈورن حملے پاکستان میں امن کی کوششوں کو سبوتاڑ کرنے کی کوشش ہیں جس کی ایوان شدید مذمت کرتا ہے۔

قرارداد میں وفاقی حکومت سیمطالبہ کیا گیا ہے ڈرون حملے روکنے کے لئے نیٹو سپلائی بند کی جائے اور معاملے کو سلامتی کونسل میں بھی اٹھایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈرون حملے روکنے کے لئے دیگر آپشنز بھی استعمال کئے جائیں۔قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان میں بد امنی، انتہا پسندی اور انتشار کا سبب بن رہے ہیں انہیں فوری طور پر روکا جائے۔ندیم ہارون خان نے حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کو امن اور جدو جہد کیخلاف سازش قرار دیا اور بلدیاتی انتخابات میں حلقہ بندیوں پر بھی شدید تنقید کی۔