کراچی: فائرنگ اور پرتشدد واقعات، 2 ڈاکٹروں سمیت 9 افراد جاں بحق

Karachi killing

Karachi killing

کراچی (جیوڈیسک) اس سے پہلے کراچی میں دن بھر قتل وغارت کا بازار گرم رہا، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں دو ڈاکٹروں سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔

شہر قائد میں ایک مرتبہ پھر ٹارگٹ کلنگ کے واقعات شروع ہو گئے۔ لیاقت آباد کے علاقے ایف سی ایریا میں دہشت گردوں نے ایک دکان پر اندھادھند فائرنگ کرے ندیم رضا اور شہباز کی زندگیوں کا خاتمہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق ندیم رضا درزی کا کام کرتا تھا۔ منگھوپیر میں گرم چشمہ کے قریب نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ڈاکٹر شیر علی جاں بحق ہو گئے۔

وہ کے ایم سی اسپتال منگھوپیر میں فرائض انجام دے رہے تھے اور موٹر سائیکل پر بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے۔ فیروز آباد تھانے کے علاقے طارق روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈاکٹر نسیم عباس جاں بحق ہو گئے۔ مقتول ملتان کے رہائشی تھے اور ڈیوٹی پر جانے گھر سے نکلے تھے۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے ڈبہ موڑ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جنید جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔

بلدیہ کے علاقے مواچھ گوٹھ سے ہاتھ ہاؤں بندھی لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کو تشدد کے بعد گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔