اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ حکیم اللہ محسود پر ڈرون حملہ مذاکرات کا قتل ہے۔ امریکا نے ہمیشہ مذاکراتی عمل سبوتاژ کیا صرف مذمتوں سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران عمران خان نے چوہدری نثار کے اس موقف کی تائید کی کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کا حل آسان نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود قومی معاملات پر تمام جماعتیں متفق ہیں اختلافات ختم کرنے کیلئے وہ مولانا فضل الرحمان کے پاس جانے کو بھی تیار ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ امریکا پہلے بھی مذاکراتی عمل سبوتاژ کرچکا ہے، جنوبی وزیرستان کا امن معاہدہ بھی امریکا کی وجہ سے ٹوٹا لیکن ہم نے امریکا کی غلامی کی طالبان کو اب مذاکرات کی میز پر لانا کافی مشکل ہو گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے باعث پاکستان سو ارب ڈالر کا نقصان اٹھا چکا ہے، سرمایہ کار بھاگ رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں ستر فیصد صنعتیں بند ہیں جس ملک میں کوئی کرکٹ ٹیم نہ آتی ہو، وہاں سرمایہ کار کیسے آئیں گے۔