زیور تعلیم سے آراستہ قومیں ہی ترقی کر سکتی ہیں۔ اللہ وسایا جامی

مصطفی آباد/للیانی : زیور تعلیم سے آراستہ قومیں ہی ترقی کر سکتی ہیں۔ علم ایک نور ہے جس نے اس نور سے استفادہ حاصل کیا وہ دین و دنیا دونوں میں کامیاب ہوا جو اس عظیم سرمایہ سے بھی محروم رہا وہ نا بینا کی مانند ہے۔ ان خیالات کا اظہار پرنسپل اقرا روضة الاطفال سسٹم اللہ وسایا جامی نے” علم بڑی دولت ہے ”کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کاراز صرف اور صرف تعلیم ہی ہوتا ہے۔

ہمیں اپنے معاشرے کی تاریکی کو ختم کرنے کیلئے اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ مذکورہ سکول میں بچوں نے تقریری مقابلہ میں حصہ لیا جبکہ ایم پی اے مسلم لیگ ن محمد یعقوب ندیم سیٹھی نے اول دوئم اور سوئم آنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔ ایم پی اے ندیم سیٹھی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا فوکس تعلیم اور صحت ہے۔مسلم لیگ ن کی قیادت ہر بچے کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے