کراچی میں قتل و غارت کا بھیانک کھیل شروع، 18 قتل

Karachi killing

Karachi killing

کراچی (جیوڈیسک) شہر قائد میں رینجرز کے آپریشن سے کچھ امن ہوا تھا لیکن پیر سے ایک بار پھر قتل و غارت کا بھیانک کھیل شروع کر دیا گیا۔ کراچی کی سڑکوں پر بے گناہوں کے لاشے گرنے لگے۔ پیر کے روز 10 افراد قتل کئے گئے۔ آج بھی موت کا کھیل رکنے کا نام نہیں لے رہا۔

ڈیفنس اور کورنگی میں پندرہ منٹ کے دوران ٹارگٹ کلنگ کی تین وارداتوں میں پانچ افراد قتل کر دیئے گئے۔ ڈیفنس موڑ کے قریب نامعلوم افراد نے ایک کار پر فائرنگ کر دی جس سے مسلم لیگ (ن) کے سابق کونسلر طارق شاہ اور ان کا ڈرائیور یار محمد جاں بحق ہو گئے۔ ڈیفنس گولڈ مارک کے پاس مسجد کے موذن جان محمد نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔ اسی دوران کورنگی میں چمڑا چورنگی کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے مہران ٹاؤن کے رہائشی 2ڈرائیور رمضان اور ریاض جاں بحق ہو گئے۔ ناصر جنگ میں ایک شخص عبدالرزاق کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا۔ لیاری کے علاقے علی محمد بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن سے 2نوجوانوں کی تشدد زدہ لاشیں ملیں جنہیں فائرنگ سے ہلاک کیا گیا۔

پیر آباد کے علاقے قصبہ کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین سالہ ندیم جاں بحق اور پچیس سالہ فرحان زخمی ہو گیا۔ نیو سبزی منڈی کے قریب مکان سے چالیس سالہ خاتون ممتاز بیگم اور اٹھارہ سالہ لڑکی مریم کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ دونوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے شاہ فیصل محلہ میں گھر میں پانی کے ٹینک سے میاں بیوی رئیس اور شہزادی بیگم کی لاشیں ملیں۔ دونوں کے گلے کٹے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق لاشیں دس سے بارہ گھنٹے پرانی ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے محرم الحرام میں امن وامان کی فضا خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ذمہ داروں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کراچی میں شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کا حصہ قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی مسلسل محنت سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی فروغ پا رہی ہے اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے آپس میں بھائیوں کی طرح رہ رہے ہیں تاہم امن دشمن عناصر کراچی میں فرقہ واریت کی بنیاد پر فسادات کی سازش کر رہے ہیں۔

رابطہ کمیٹی نے بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو قتل کرنے والے انسانیت کے کُھلے دشمن ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کی آمد پر فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کو سمجھیں اور کسی بھی واقعہ پر مشتعل ہونے کے بجائے صبروتحمل کا مظاہرہ کریں۔