حکیم اللہ محسود کی ہلاکت, امریکا نے امن عمل تباہ کر دیا

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی تمام فریق امن پر رضامند ہوئے امریکا نے حکیم اللہ محسود کو نشانہ بنا کر ساراعمل تباہ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی اقدام سے پاکستان مشکلات کا شکار ہوا۔ کیا دوست ایسا کام کرتے ہیں۔

دہشتگردی میں ہر روز پاکستانی شہری اور فوجی مارے جا رہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ایک سال میں دہشتگردی کے 180 واقعات ہوئے۔ سرحد پر واقع پولیس سٹیشنوں پر ہر روز حملے ہوتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جب تک بات چیت شروع نہیں کریں گے امن کیسے ہوگا۔

فوجی نقطہ نظر سے ہم پاکستان جبکہ امریکا افغانستان میں ناکام ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس جنگ میں سوائے نقصان کے کچھ حاصل نہیں کیا۔ دہشتگردی کراچی سے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں تک پھیل چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس امن کیلئے مذاکرات کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ ڈرون حملوں کے سائے میں امن مذاکرات کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ دوبارہ امن مذاکرات کا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ امریکا امن مذاکرات کے دوران ڈرون حملے نہ کرنے کی ضمانت دے۔

اگر پاکستانی حکومت یہ ضمانت لینے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کرتی تو خیبر پختونخوا کے لوگ نیٹو سپلائی بند کر دیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ ڈرون حملے رکوانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ اگر وہ وزیراعظم ہوتے تو مزید اقدامات کا حکم دیتے۔