حکومت کی کارکردگی سے غربت نہیں بلکہ غریبوں کا خاتمہ نظر آ رہا ہے: چودھری پرویزالٰہی
Posted on November 7, 2013 By Majid Khan لاہور
لاہور: پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت کی کارکردگی سے غربت کا نہیں بلکہ غریبوں کا خاتمہ نظر آ رہا ہے، ضروری اشیاء کی قیمتوں میں دن بدن کمرتوڑ اضافہ کے ذمہ دار حکمران ہیں، ہمارے دور میں 20 کلو آٹا کا تھیلا 230 روپے کا تھا جو اَب 900 کا ہے، سپریم کورٹ بار کے الیکشن میں ہمارے پارٹی عہدیدار آصف چیمہ کا بطور سیکرٹری انتخاب باشعور طبقوں میں بھی پاکستان مسلم لیگ کی خدمات کا اعتراف ہے۔ وہ پاکستان مسلم لیگ کے تمام ونگز کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں صدور، سیکرٹریوں اور سیکرٹری اطلاعات کے نوٹیفکیشن بھی جاری کیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر محمد بشارت راجہ اور جنرل سیکرٹری چودھری ظہیرالدین نے کہا کہ اپنے دور میں عام آدمی کے علاوہ وکلائ، کسانوں، محنت کشوں، تاجروں، نوجوانوں، علمائ، اقلیتوں، کھلاڑیوں، فنکاروں، خواتین کیلئے جو مثالی فلاحی اقدامات چودھری پرویزالٰہی حکومت کا بڑا کارنامہ ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تین ماہ کیلئے گیس بند کر دینا کہاں کا انصاف ہے؟ حکومت کے اس فیصلے سے ہزاروں خاندان بیروزگاری، معاشی بدحالی کا شکار ہو جائیں گے۔ انہوں نے پارٹی کے لائرز ونگ، تاجر، کسان، خواتین، علمائ، اقلیتی، لیبر، یوتھ ونگز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی کا اثاثہ ہیں۔
وکلاء ونگ باالخصوص مبارکباد کا مستحق ہے کہ سپریم کورٹ بار کے حالیہ انتخابات میں ماضی کی طرح اس بار بھی ہمارے امیدوار نے کامیابی حاصل کی جبکہ انشاء اللہ لاہور ہائیکورٹ بار کے الیکشن میں بھی کامیابی حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر چیز باالخصوص کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب ن لیگ کے جھوٹے وعدوں میں نہیں آئیں گے۔ محمد بشارت راجہ نے بتایا کہ پارٹی کی تنظیم سازی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں 17 نومبر کو راولپنڈی، 20 نومبر کو گوجرانوالہ، 23 نومبر کو بہاولنگر اور 25 نومبر کو ساہیوال میں ونگز کے تنظیمی اجلاس ہوں گے۔ اجلاس میں ناصر محمود گل، سیمل کامران، عالمگیر ایڈووکیٹ، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی، سیدہ ماجدہ زیدی، شیخ عمر حیات، چودھری عظمت اللہ، رانا انتظار حسین، شیخ آصف سعید، اجمل ضیاء چیمہ، ملک محمد یوسف، عارف جاوید کھوکھر، اشتیاق گوہر، حافظ مقصود انور، ملک فراز اعوان اور نوید ظفر خان شریک تھے۔ محمد بشارت راجہ اور چودھری ظہیرالدین نے کہا کہ پنجاب میں چودھری پرویزالٰہی کی حکومت نے وکلاء کی فلاح و بہبود کیلئے پراسکیوشن سروس قائم کی۔ تحصیل بار کی سطح تک پہلی بار بلاامتیاز فنڈز دئیے، ہائوسنگ کالونیوں اور فری علاج کی سہولت فراہم کی، کسانوں کو سب سڈی دی، پکے کھالے بنائے، سستے ٹریکٹر، کھاد اور زرعی آلات دئیے، پانی چوری کو روکا، نہروں پر 38 بجلی گھر تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا جبکہ اقلیتوں کیلئے وافر فنڈز دئیے، تعلیمی ادارے واپس کیے، محنت کشوں کیلئے سوشل سکیورٹی ہسپتال، لیبر کالونیاں، صحافی کالونیاں بنائیں اور سپیشل فنڈز مختص کیے۔ اجلاس میں صحافی اختر حیات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com