اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن جماعتوں کے رہنما آج بھی پارلیمنٹ کے باہر سجائے گئے سینیٹ کے اجلاس میں گرجتے برستے رہے۔ سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے حکومت نے قومی مفاد کو گروی رکھ دیا ہے۔ اے این پی کی سینیٹر شاہی سید کہتے ہیں وزیر داخلہ چودھری نثار کے ساتھ رویوں کی جنگ ہے۔ محمود خان اچکزئی بھی سینیٹ اپوزیشن کو منانے میں ناکام ہو گئے۔
پارلیمنٹ کے باہر سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر رضا ربانی نے اپنی تقریر میں حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا تھا وزارت دفاع نے اپنے اعدادوشمار سے امریکی پوزیشن کو مضبوط کیا، حکومت نے امریکی سامراج کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا حکومت ڈرامہ رچا رہی ہے ۔ پرویز مشرف کو امریکی دباؤ پر تمام مقدمات سے بری کیا گیا۔
اے این پی کے سینیٹر شاہی سید نے بھی حصہ بقدر جثہ خوب ڈالا اور حکومت پر تنقید کے تیر برسائے۔ شاہی سید نے ڈرون حملوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ڈرون ایک موثر اور دفاعی ہتھیار ہے جو اپنے اہداف کو سو فیصد درست نشانہ لگاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا ڈرون ہمارے پاس ہوتا تو ان دہشت گردوں کو مارتے جو ہمارے بچوں کو مار رہے ہیں۔ شاہی سید نے کہا حکومت صرف طالبان کو دھوکا دے رہی ہے یہ رویوں کی جنگ ہے۔ چودھری نثار کا رویہ بھی ڈرون ہے۔