اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے معاملے میں نہیں پڑنا چاہتی ، الیکشن کمیشن خود اس معاملے کو حل کرے۔
قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس تصدق حسین جیلانی اور دیگر الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت خود بیلٹ پیپرز چھپانے کے حق میں نہیں کیونکہ اگر حکومت چھپائی کے معاملے میں پڑی تو بلدیاتی انتخابات کی شفافیت کا مسئلہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن خود ہی چھپائی کا مسئلہ حل کرے تاہم اس سلسلے میں کمیشن کو جو فنڈز درکار ہوں گے حکومت وہ دینے کے لئے تیار ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 50 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی 2 دن میں تو کیا 20 سے 25 دن میں بھی ممکن نہیں۔ الیکشن کمیشن سرکاری اداروں سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کرائے لیکن اگر وہ اس میں نجی شعبے کو بھی شامل کرنا چاہے تو وہ بھی دائرہ اختیار میں ہے لیکن اس سے بھی شفافیت کا مسئلہ پیدا ہوگا۔