چکوال کی خبریں 7/11/2013

دفتر محکمہ زراعت(توسیع ) چکوال میں مورخہ تین نومبر کو یوم آگاہی بابت ڈینگی ڈے منایا گیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)دفتر محکمہ زراعت(توسیع ) چکوال میں مورخہ تین نومبر کو یوم آگاہی بابت ڈینگی ڈے منایا گیا۔ اس دن کی اہم سرگرمیوں میں دفاتر کی صفائی، جڑی بوٹیوں کی تلفی، لیکچر بابت آگاہی، تقسیم پمفلٹ، سپرے اور ڈینگی آگاہی واک شامل تھیں۔ ان سرگرمیوں کی انجام دہی کے لیے ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت چکوال کے زیر اختیار تمام سرکاری محکمہ جات کے اہلکاران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر محمد عارف اللہ زراعت آفیسر چکوال نے شرکاء کو ڈینگی مچھر اور اس کے لاروا کی شناخت ،تلفی اور اس سے تحفظ کے جملہ اقدامات کے بارے میں تفصیلی لیکچر دیا۔ اس کے بعد ڈینگی سے تحفظ کے بارے میں پمفلٹ تقسیم کئے گئے بعد ازاں تلہ گنگ روڈ پر ڈینگی آگاہی مہم کے سلسلہ میں ایک واک کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں محکمہ زراعت کے تمام شعبہ جات کے افسران اوراہلکاران نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر ڈاکٹر٥ سید محمد کمال ناصر ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت چکوال نے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی بخار کے سلسلہ میں دئیے گئے لیکچر اور لٹریچر میں دی گئی ہدایات پر خود بھی عمل کریں اور اپنے تمام متعلقین کو آگاہی فراہم کریں تاکہ اس موذی مرض سے جلد سے جلد نجات حاصل کی جا سکے۔
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈی سی او چکوال یاور حسین نے محرم الحرام میں امن عامہ کو برقرار رکھنے کے لیے ضلع چکوال میں دفعہ144کا نفاذ کر دیا ہے۔ ڈی سی او آفس سے جاری ہونے والے حکم نامہ کے مطابق ضلع بھر میں موٹر سائیکل و سکوٹر پر ڈبل سواری کی چار محرم سے دس محرم تک مکمل پابندی ہوگی۔ تاہم مسلح افواج اور پولیس کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اشتعال انگیز و فرقہ وارانہ نعرہ بازی، تحریر و تقاریر کرنے ،آڈیو، ویڈیو کیسٹ، سی ڈی کے چلانے،خریدوفروخت اور عوامی مقامات پر ٹیپ ریکارڈر چلانے اور وال چاکنگ کرنے جس سے دل آزاری ہوتی ہو پر مکمل پابندی ہوگی۔ جبکہ لائوڈ سپیکر کے سوائے اذاں کے غیر ضروری استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔ حکم نامہ کے مطابق آتشیں اسلحہ ، لاٹھی، چاقو، خنجر اور ایسی کوئی بھی چیز جو ہتھیار کے طور پر استعمال ہو سکتی ہو کی نمائش کرنے کے ساتھ رکھنے کی ہرگز اجازت نہ ہوگی۔نوٹیفکشین میں واضح کیا گیا ہے کہ بغیر اجازت اور لائسنس کے جلسے و جلوس نکالنے، چوکوں،بازاروں اور گلیوں میں پانچ یا اس سے زائد افراد اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح محرم الحرام اور چالیسویں کے لائسنس یافتہ جلوس جس کی مجاز اتھارٹی سے اجازت حاصل کی گئی ہو اس میں رکاوٹ پیدا کرنے والے کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکم نامہ کے مطابق محرم کی مجالس اور جلوسوں کے روٹ پر واقع گھروں اور ملحقہ عمارتوںکی چھتوں پر غیر قانونی خندقیں بنانے سکریپ اور ملبے کے ڈھیر لگانے اور چھتوں پر کھڑے ہونے کی بھی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں یہ بات واضح کی گئی ہے کہ مندرجہ بالا احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے کریمینل پروسیجر کے ضابطہ1898اختیارات کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے پرامن انعقاد کے لیے ضلع چکوال میں امتحانی مراکز پر دفعہ 144نافذ کر دی
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈی سی او چکوال یاور حسین نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے تحت 6بومبر سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے پرامن انعقاد کے لیے ضلع چکوال میں امتحانی مراکز پر دفعہ 144نافذ کر دی ہے۔ ڈی سی او آفس سے جاری ہونے والے حکم نامہ کے مطابق امتحانی مراکز میں ماسوائے طلباء و طالبات اور متعین عملے کے سوا کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی امتحانی مراکز میں موبائل فون کے استعمال اور امتحان میں مدد دینے والے مواد لے جانے کی بھی اجازت نہ ہوگی۔ حکم نامہ کے مطابق امتحانی مراکز کے اردگرد پانچ یا اس سے زائد افراد اور اسلحہ کی نمائش کرنے اور ساتھ رکھنے پر بھی پابندی ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ہوم ڈپارٹمنٹ نے ضلع چکوال میں چار محرم سے دس محرم تک ڈبل سواری پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ہوم ڈپارٹمنٹ نے ضلع چکوال میں چار محرم سے دس محرم تک ڈبل سواری پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔جبکہ جلوس کے راستے میں آنیوالے گھروں کی چھتوں پر چڑھنے پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔شہر میں پانچ یا اس سے زائد افراد اکٹھے نہیں ہو سکیں گے۔جلوسوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کو فوری طورپرگرفتار کیا جا سکے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

قصبہ کوٹ سارنگ میں دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے بلڈنگ میٹریل سے اینٹیں لوڈ کرنے والے شخص کوقتل کر دیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)قصبہ کوٹ سارنگ میں دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے بلڈنگ میٹریل سے اینٹیں لوڈ کرنے والے شخص کوقتل کر دیا۔ مقتول طالش کوٹ سارنگ میں بھٹی چوک پر اینٹیں لوڈ کر رہا تھا کہ ملزمان شکیل احمد اور ایک نامعلوم نے فائرنگ کر دی۔اور موقعہ سے فرار ہو گئے۔طالش کو فوری طورپر ہسپتال پہنچایا گیا۔ مگر وہ زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے جاںبحق ہو گیا۔