الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی ویب سائٹ پر جاری کر دیئے

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی ویب سائٹ پر جاری کر دیئے، کاغذات نامزدگی کی پرنٹنگ کا عمل جاری، ترسیل کل شام تک مکمل ہو جائے گی۔ پنجاب، سندھ کے ریٹرننگ افسران کی فہرست بھی الیکشن کمیشن کو موصول ہو گئی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کیلئے 50 لاکھ جبکہ سندھ کیلئے 8 لاکھ نامزدگی فارم چھاپے جا رہے ہیں، کاغذات نامزدگی کی پرنٹنگ کا عمل جاری ہے، دونوں صوبوں میں ترسیل کا عمل گزشتہ رات سے شروع ہو چکا ہے۔ کاغذات نامزدگی کی ترسیل کا عمل کل شام تک مکمل ہو جائیگا۔

کاغذات نامزدگی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب اور سندھ سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ،ریٹرننگ افسران کی فہرست الیکشن کمیشن کو موصول ہو گئی ہے، پنجاب کے ریٹرننگ افسران کی فہرست ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہے اور سندھ کے ریٹرننگ افسران کی فہرست اپ لوڈ کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ بلوچستان کے ریٹرننگ افسران کی فہرست پہلے ہی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جا چکی ہے۔