کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری میں کئی روز سے جاری بد امنی کے باعث گھروں میں محصور علاقہ مکینوں میں رینجرز کی جانب سے راشن تقسیم کیا گیا۔ کراچی کے علاقے لیاری میں جاری بدامنی کے باعث سینکڑوں خاندان علاقے میں تاحال محصور ہیں جبکہ بعض علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے افراد واپس لوٹنا شروع ہو گئے ہیں۔
کاروبار کی بندش اور روزگار کے خاتمے کے باعث مکینوں کی بڑی تعداد کھانے پینے کی اشیا تک سے محروم ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر لیاری کے متاثرہ علاقے سلاٹر ہاس اور رانگھی واڑہ سمیت دیگر علاقوں میں رینجرز کے کی جانب سے 500 سے زائد گھرانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔
آٹا، چینی، دال، گھی سمیت دیگر اشیا خوردونوش پر مشتمل راشن کے تھیلے رینجرز افسران کی موجودگی میں منظم طریقے سے تقسیم کئے گئے۔ آئے دن فائرنگ اور بد امنی کے ستائے لیاری کے مکینوں نے رینجرز کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ متاثرہ گھرانوں کا کہنا تھا کہ لیاری میں جلداز جلد امن وامان قائم کیا جائے تا کہ وہ بھی ایک پرسکون زندگی گزار سکے۔