منیل (جیوڈیسک) تاریخ کے سب سے بڑے سمندری طوفان ہیان نے تباہی مچا دی۔ قدرتی آفت کے نتیجے میں اب تک بارہ سو افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ سیکڑوں زخمی جبکہ ایک کروڑ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ طاقتور سمندری طوفان ہیان نے سب سے زیادہ تباہی فلپائن کے وسطی علاقوں میں مچائی ہے۔
جہاں اب تک سیکڑوں افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں Leyte اور Samar کے مشرقی جزائر میں ایک سو پچانوے میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا نے ہر طرف تباہی مچا دی۔ سیکڑوں مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں جبکہ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔
سب سے زیادہ نقصان صوبہ ٹیکلوبان میں ہوا جہاں انیس فٹ اونچی لہروں نے شدید تباہی مچائی کئی علاقوں میں مواصلاتی نظام معطل ہو گیا۔ طوفان نے ایک کروڑ سے زائد آبادی کو متاثر کیا۔ طوفان کی وجہ سے فضائی سروس بھی معطل رہی کئی ائیرپورٹس کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ دوسری جانب پندرہ ہزار فوجی جدید مشینری کی مدد سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔