ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کی سرگرمیاں شروع

Municipal Elections

Municipal Elections

کراچی (جیوڈیسک) کراچی ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کی سرگرمیاں شروع ہو گئیں۔ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 22 ہزار امیدوار میدان میں ہیں، پنجاب میں کاغذات نامزدگی آج سے ملیں گے۔ سندھ میں انتخابی اتحاد پر غور کیلئے پیپلزپارٹی اور اے این پی کا اجلاس آج ہو گا۔ بلوچستان میں ہزاروں امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے جب کہ پنجاب میں کاغذات آج سے حاصل کیے جا سکیں گے۔

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہو گیا، صوبے میں 7189 نشستوں کے لیے 22,131 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق مکران ڈویڑن میں مجموعی طور پر 04 14 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

جبکہ ژوب ڈویژن میں 3561، کوئٹہ ڈویژن میں 5890 ، سبی ڈویژن میں 1738 ، نصیر آباد ڈویژن میں 4394 اورقلات ڈویژن میں 4570 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، اب کاغذات کی منظوری یا مسترد کیے جانے کا مرحلہ اور پھر ان فیصلوں کے خلاف درخواستوں کی سماعت کا کام ہو گا۔ امیدواروں کی حتمی فہرستیں 19 نومبر کو جاری کر دی جائیں گی۔

لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد محکمہ قانون پنجاب نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق صوبے میں بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر کرائے جائیں گے۔ حکومت نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی الیکشن عدلیہ کی بجائے سول انتظامیہ کے ذریعے کرائے جائیں گے۔ 36 اضلاع کے ڈی سی اوزڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر ان کے فرائض انجام دیں گے۔

جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اور ٹی ایم او عہدے کے 576 افسران کو ریٹرننگ افسر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز کو اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 نومبر ہے۔ جس کے بعد کاغذات کی جانچ پڑتال، اعتراضات اور اپیلوں کا مرحلہ ہو گا۔امیدواروں کی حتمی فہرستیں 23 نومبر کو جاری کی جائیں گی۔

یہ عمل تو چل ہی رہا ہے لیکن سندھ حکومت 27 نومبر کے بجائے7دسمبر کو انتخابات کروانا چاہتی ہے اور اس معاملے پر اس نے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کر لیا ہے، درخواست کی سماعت کل دو رکنی بنچ کرے گا۔ بلدیاتی انتخابات میں سندھ اور پنجاب کے لیے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔خیبر پختونخوا کی حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تحریری جواب اگلے ہفتے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی۔