لاہور، گلے میں ڈور پھرنے سے دو سالہ بچی جاں بحق، وزیر اعلی نے نوٹس لے لیا

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں گلے پر ڈور پھرنے سے دو سالہ بچی جاں بحق جبکہ اس کا بھائی شدید زخمی ہو گیا، وزیر اعلی پنجاب نے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا،پولیس نے پتنگ بازی کرتے ہوئے تین افراد پکڑ لئے۔ افسوسناک واقعہ لاہور میں اسکیم موڑ کے قریب پیش آیا جہاں اجمل نامی شخص موٹر سائیکل پر بچوں کے ساتھ سفر کر رہا تھا کہ اچانک ہوا میں لہراتی ڈور اس کے بچوں کی گردنوں پر پھر گئی۔

تیز دھاری ڈور نے دو سالہ نور کا گلا کاٹ دیا جبکہ اس کے تین سالہ بھائی حمزہ کو شدید زخمی کر دیا۔موٹر سائیکل گرنے سے اجمل اور اس کا پانچ سالہ بھتیجا بھی زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو فوری طور پر ملتان چونگی پر سوشل سیکیورٹی ہسپتال لایا گیا جہاں دو سالہ نور ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی چل بسی جبکہ اس کے بھائی حمزہ کا آپریشن کیا گیا۔

جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بچی کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ ہوا ہے، پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود اس طرح کا افسوسناک واقعہ نا قابل برداشت ہے۔ادھر پولیس نے علاقے میں پتنگ بازی کرتے ہوئے تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔