نئی دہلی (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز ایشیا ،یورپ وزرا کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت میں موجود ہیں۔ جہاں انہوں نے کشمیری حریت رہنماوں اور چین کے وزیر خارجہ سے ملاقات کیں۔ نئی دہلی میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کشمیری حریت رہنماوں سے ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی میں کمی کی امید ظاہر کی۔
ملاقات کے بعد حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ ہم امن بات چیت میں تعاون کے خواہاں ہیں۔ ملاقات کا اہم مقصد کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے راستہ نکالنا تھا مسئلہ کشمیر کا حل ہی بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنا سکتا ہے۔ اس سے قبل بھارت پہنچنے پر سرتاج عزیز نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی امید ظاہر کی۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے روس، چین اور بھارت وزرا خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت آئے ہوئے چین کے وزیر خارجہ وینگ یی سے بھی ملاقات کی۔ بھارتی ذرائع کے مطابق سرتاج عزیز بھارتی وزیر اعظم اور وزیرخارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔