الیکشن کمیشن تاریخیں بڑھانے کیلئے آج سپریم کورٹ سے رجوع کرے گا

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبوں نے بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاریاں مکمل نہیں کیں، موجودہ حالات میں انتخابات ممکن نہیں، تاریخیں بڑھانے کے لیے آج سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ بلدیاتی انتخابات کا اونٹ اب تک کسی کروٹ نہ بٹھایا جاسکا، معاملہ اب کھٹائی میں جاتا نظر آرہا ہے اور الیکشن کمیشن نے بھی ہاتھ اٹھادیے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے اجلاس میں کئی معاملات پر غور کیا گیا جس کے بعد طے پایا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے صوبوں نے تیاری مکمل نہیں کی، پنجاب کے بلدیاتی قانون میں بھی خامیاں سامنے آگئیں، پنجاب کے بلدیاتی آرڈیننس میں سے غیر جماعتی بنیادوں پر انتخابات کے الفاظ تو نکال دیے گئے لیکن جماعتی بنیادوں پر انتخابات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔

صوبائی حکومت نے انتخابی فہرستیں شائع کرنے سے بھی معذرت کرلی ہے،سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی حلقہ بندیوں کا معاملہ ٹیڑھی کھیر بن چکا ہے، خیبر پختونخوا میں بھی بلدیاتی انتخابات کا قانون تو منظور ہو چکا لیکن حلقہ بندیوں نے یہاں بھی انتخابات کا راستہ روک دیا،صوبائی حکومت نے اب 2 ماہ کا وقت مانگا ہے۔

صرف بلوچستان میں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ،جن کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری رہا،انہی حالات کو دیکھتے ہوئے بالآخر الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنادیا کہ موجودہ تاریخوں پر انتخابات ممکن نہیں، مزید وقت مانگنے کے لیے آج سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔