ججز نظر بندی کیس، مشرف کی ایک دن کیلئے عدالت حاضری سے استثنیٰ منظور

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

راولپنڈی (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے ججز نظر بندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے ایک دن کی استثنٰی کی درخواست منظور کر لی،عدالت نے گواہوں کی عدم پیشی پر دوبارہ طلبی کے سمن جاری کر دیئے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کےجج عتیق الرحمان نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف ججز نظر بندی کیس کی سماعت کی۔ وکیل الیاس صدیقی نے سیکورٹی خدشات کے باعث پرویز مشرف کی عدالت حاضری سے مستقل استثنی کی درخواست کی۔عدالت نے پرویز مشرف کی عدالت حاضری سے استثنی کی ایک دن کی درخواست منظور کر لی۔

عدالت نے گواہوں کی عدم پیشی پر دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت چھبیس نومبر تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کی عدالت حاضری سے مستقل استثنی کی درخواست پر بھی بحث کی جائے گی۔ گواہ ایڈووکیٹ انوار ڈار نے کہا کہ پرویز مشرف کیخلاف تمام مقدمات میں ناقص تفتیش کی گئی۔

ملزم پرویز مشرف کو ناقص تفتیش کا فائدہ ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ملزم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی جائے گی۔ گواہ ایڈووکیٹ عبدالعزیز چانڈیو کا کہنا تھا کہ حکومت ملزم کی پیشی پر سیکورٹی انتظامات سے معذرت کر لے تو عدالت حاضری سے مستقل استثنٰی کی درخواست زیر غور لائی جا سکتی ہے۔