ڈسٹرکٹ کو آرڈینیشن آفیسر مقبول احمد دھاولہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام اہل اسلام کیلئے مقد س مہینہ ہ

جھنگ: ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر مقبول احمد دھاولہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام اہل اسلام کیلئے مقد س مہینہ ہے ہر فرقہ کے لوگوں کو شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آپس میں بھائی چارہ ،یگانگت اور اتفاق کا مظاہر ہ کرنا چاہیے۔ یہ بات انہوںنے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میںڈی پی او ذیشان اصغر، ڈی او سی خالد راجو، اسسٹنٹ کمشنرزشاہد عباس اور اعجاز احمد کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، عمائدین، ممبر ان ضلعی امن کمیٹی ،انجمن تاجران اور مختلف این جی اوزکے نمائندوں نے شرکت کی۔ڈی سی او نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس ماہ کے تقدس کو برقرار رکھنا ہر مسلمان کا اخلاقی و دینی فرض ہے۔

محرم کے دوران ضلع میں امن و امان بحال رکھنے کیلئے شہریوں کا تعاون بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے علمائے کرام پر زور دیا کہ محرم کے دوران لوگوں کو امن بھائی چارہ اور یکجہتی کا درس دیتے ہوئے شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی تلقین کریں تاکہ کوئی ملک دشمن طاقت اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے۔انہوںنے شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے ممبران امن کمیٹی پر زور دیا کہ مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ میٹنگ کرکے انہیں اپنے رضاکاروں کوبغیر شناخت کسی شخص کو مجلس یا جلوسوں میں نہ گھسنے دینے کی سختی سے ہدایت کریں۔

انہوںنے کہا کے اللہ کے فضل و کرم سے جھنگ کے حالات پر سکون ہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی شہریوں کے تعاون سے انتظامیہ امن عامہ قائم رکھنے میں اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر نبھانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔انہوںنے کہا کہ جھنگ کے لوگ امن پسند ہیں وہ ضلع میں امن و امان بحال رکھنے کیلئے جس جذبہ اور ولولہ کے ساتھ انتظامیہ کا ساتھ دے رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے اور امید ہے کہ ان کی طر ف سے یہ ولولہ آئندہ بھی جاری و ساری رکھا جائیگا۔

ڈی پی او نے کہا کہ ضلعی پولیس کی طرف سے تیا رکردہ سیکورٹی پلان کے مطابق ضلع بھر میں برآمد ہونے والے جلوسوں اور مجالس میں شامل لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔ جلوسوں کے روٹس پر خفیہ کیمرے نصب کرنے کے علاوہ داخلی راستوں کو خار دار تار سے بند کرکے باہر سے آنے والے شرکاء جلوس و مجالس کی شناخت اور تلاشی کو یقینی بنانے کیلئے 3 سوقومی رضاکار کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔

انہوںنے بتایا کہ محرم الحرام کے سلسلہ میں ان کے دفتر میں قائم ضلعی کنٹرول روم نے کام شروع کر دیا ہے جہاں سے محرم الحرام کے انتطامات اور صورتحال کے بارے میں رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فروحی باتوں میں پڑنے کی بجائے ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ انکا مشن ہے کہ پاکستان کو کمزور کیا جائے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کے امن میں ہی ہم سب کی بقا ہے اگر یہ ملک ہے تو ہم بھی ہیںلہٰذا ہمیں آپس کے چھوٹے چھوٹے اختلافات نظر انداز کرکے یکجا ہوکر ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں واقعہ گجرانوالہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔اس موقع پر مولانا زاہد انور،مفتی نصیرالدین ،سہیل احمد،امان اللہ خان سیال،صفدر سلیم سیال، شیخ واصف مجید، حاجی محمد علی، سید قمر عباس زیدی، سید حسن رضا زیدی،ا متیازاحمد چوہدری اورحاجی دلدار علی و دیگر شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔