قوم کے نوجوانوں کو تعلیم اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنا ہو گا: محمد زبیر صفدر

لاہور (11نومبر2013) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا ہے کہ قوم کے نوجوانوں کو تعلیم اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنا ہو گا، تحقیق کی بجائے نوجوان نسل کا ڈائون لوڈنگ کی طرف رجحان ملک کے لئے نیک نہیں ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ راولپنڈی کے زیر اہتمام ٹیلنٹ فسٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ذہین ،ہونہار اور باصلاحیت طلبہ قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، انہی کی بدولت ملک ترقی کی جانب گامزن ہو گا، مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے ذریعے ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں، پاکستانی قوم میں سب سے زیادہ نوجوانوں کی تعداد ہے، نوجوان قومیں دنیا کا رخ موڑ سکتے ہیں قوم کی ساری توقعات نوجوان نسل سے ہیں۔

نوجوانوں کو آگے بڑھ کر قوم کے زخموں کا مداوا کرنا ہوگا۔ زبیر صفدر کامزید کہناتھاکہ معیار تعلیم کی بہتری کے لئے اسلامی جمعیت طلبہ نے تعمیر تعلیم سے مہم کا آغاز کیا جس کے دوران ملک بھر میں ٹیلنٹ ایوارڈ، سیمینارز، آگاہی واک، دستخطی بینرز، سٹوڈنٹ فیسٹیولز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

تعمیر ،تعلیم سے مہم طلبہ کے لئے امید کا پیغام ہے، مہم کی طلبہ اور عوام میں مقبولیت ہی مہم کی کامیابی کی ضمانت ہے، اسلامی جمعیت طلبہ ہر فورم پر طلبہ کی نمائندگی کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گی۔