اسلام آباد (جیوڈیسک) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے اسلام آباد فائرنگ کیس کے مرکزی ملزم سکندر کے جوڈیشل ریمانڈ میں پچیس نومبر تک توسیع کر دی،عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر مقدمے کا مکمل چالان پیش کیا جائے۔
جناح ایونیو فائرنگ کیس کے ملزم سکندر کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔
خصوصی عدالت کے جج عتیق الرحمن نے مقدمے کی سماعت کی، پولیس نے مقدمے کا نامکمل چالان عدالت میں پیش کیا جس میں سکندر کو باقاعدہ ملزم قرار دیا گیا ہے۔30 گواہوں کے بیانات چالان کا حصہ ہیں، گواہوں میں پولیس اہلکار، اسلحہ ڈیلر، ہوٹل انتظامیہ اور ملزم کا علاج کرنیوالے ڈاکٹر شامل ہیں۔
عدالت نے ملزم سکندر کے جوڈیشل ریمانڈ میں پچیس نومبر تک توسیع دیتے ہوئے پولیس کو آئندہ سماعت پر مقدمے کا مکمل چالان پیش کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔