پنجاب (جیوڈیسک) نویں اور دسویں محرم کو پنجاب بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، مختلف شہروں میں موبائل سروس بند رہے گی۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی سخت سیکورٹی ہو گی۔
وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے مطابق صوبے کے تیرہ اضلاع کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ آج اور کل پنجاب بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ خوشاب، میانوالی، بھکر اور سرگودھا میں 9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس بند رہے گی جبکہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں موبائل فون سروس کی بندش کیلئے حساس اداروں سے مشاورت بھی جاری ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں دس محرم کا مرکزی جلوس رات گیارہ بجے نثار حویلی سے برآمد ہو گا۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا جمعے کی شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ شہر میں کئی چھوٹے بڑے ماتمی جلوس بھی برآمد ہونگے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس کی بندش کیلئے حساس اداروں سے مشاورت بھی جاری ہے۔ نو اور دس محرم الحرام کے موقع پر کراچی میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
شہر قائد میں نومحرم کا جلوس صبح نو بجے مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہو گا جو امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارا در پہنچ کر ختم ہو گا۔ ٹریفک پولیس کراچی نے نو اوردس محرم کے مرکزی جلوسوں اور ٹریفک کے متبادل راستوں کا اعلان کر دیا ہے۔ صرف مخصوص اسٹکرز والی گاڑیوں کو ان جلوس کے روٹ پر آنے کی اجازت ہو گی۔