نواسہ رسول حضرت امام حسین نے عظیم قربانی دے کراسلام کی حفاظت کی۔ سیف اللہ طاہر

مصطفی آباد/للیانی : نواسہ رسول ۖحضرت امام حسین نے عظیم قربانی دے کراسلام کی حفاظت کی۔ واقعہ کربلاہمیں انسانی اقدارکے تحفظ اور انسانی حقوق کا خیال رکھنے کا درس دیتاہے ،کربلا ظلم و ستم کے خلاف پائیدارجدوجہدکاپیغام ہے اور یہ معرکہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کے لیے ایک سبق ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف قصور کے سنیئر نائب صدر حاجی سیف اللہ طاہر مغل نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کربلانے ثابت کیا کہ سچائی اورحق کی قوتیں ہی باطل کے مقابلے میںلڑسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کربلاکے میدان میں حق و باطل کے مابین جنگ ہمیں قربانی کا درس دیتی ہے ۔ کربلاکے اصولوں کو مدنظر رکھ کر باطل کے خلاف نبردآزماہوسکتے ہیں۔ ہمیں اس طرح کا حوصلہ اور جذبہ پیداکرناہوگااور صبر و استقامت سے کام لیناہوگا۔جب تک اسلام کے روشن پہلوئوں پر عمل نہیں کیا جائے گا اس وقت تک حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے ہمیں چاہیے کہ ہم خود اور اپنے معاشرے میں پائی جانے والی شدت پسندی کو کنٹرول کرنے کے لیے اپنی سطح پر کام کریں تاکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا معاشرہ مفید معاشرہ بن سکے۔