اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دارالحکومت اسلام آباد میں حقانی نیٹ ورک کے رہنما نصیر الدین حقانی کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزارتِ داخلہ کے ترجمان عمر حمید نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے پولیس حکام کو اس واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
نصیر الدین حقانی کو گزشتہ اتوار کو اسلام آباد میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ایک سوال پر کہ اس پہلو پر تفتیش کی جا رہی کہ نصیرالدین حقانی کی لاش جائے وقوعہ سے کس طرح غائب ہوئی اور اس کو لیجانے والے کون افراد تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی خاص پہلو پر رپورٹ نہیں مانگی گئی، کوئی سنجیدہ معاملہ ہو تو اس پر رپورٹ مانگی جاتی ہے۔ ادھر وزارتِ داخلہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ واقعہ بہت پرسرار ہے اور اس وجہ سے اس بارے میں کچھ نہیں کہہ رہے ہیں۔